نئی دہلی ، 8؍اگست(آئی این ایس انڈیا )دلتوں پرحملے کے معاملے کی گرماہٹ آج لوک سبھا میں محسوس کی گئی اور کانگریس اراکین نے وزیر اعظم سے ایوان میں بیان دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے نہ صرف اسپیکر کی میز کے قریب آکر نعرے بازی کی بلکہ بعدمیں وہ ایوان سے واک آؤٹ بھی کر گئے۔کانگریسی اراکین نے وزیراعظم سے مطالبہ کیاکہ تقریرکرنے کی بجائے وہ کارروائی کریں۔اس مسئلے پروزیراعظم نریندر مودی کے عوامی بیان پر کانگریس ممبران پارلیمنٹ نے آج ایوان میں نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ مگرمچھ کے آنسونہ بہائیں،تقریر کرنے کے بجائے کارروائی کریں۔وقفہ صفرشروع ہونے کے بعدایوان میں کانگریس کے لیڈرملکاارجن کھڑ گے اس موضوع پرکچھ بولنا چاہتے تھے لیکن اسپیکر نے اس کی اجازت نہیں دی۔اس پر کانگریس رکن نعرے بازی کرتے ہوئے اسپیکر کی میز کے قریب آکرنعرے بازی کرنے لگے۔اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ وہ منع نہیں کر رہی ہیں۔ وقفہ صفر کی فہرست ختم ہونے کے بعدہی وہ رکن کو بولنے کا موقع دیں گی، کیونکہ انہوں نے نوٹس نہیں دیا ہے۔انہوں نے باربار اراکین سے اپنی سیٹ پرجانے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے منع نہیں کیا ہے لیکن کئی چھوٹی چھوٹی پارٹیاں ہیں جو اپنی بات رکھنی چاہتی ہیں اوران کے ساتھ ایسا کرنا نا انصافی ہو گی ۔ایوان میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اورپارلیمانی امور کے وزیراننت کمارکو کھڑ گے کی طرف کچھ اشارہ کرتے دیکھاگیا۔صدرکی جانب سے فوری طورپرکھڑ گے کوبات رکھنے کی اجازت نہیں دیئے جانے پرکانگریس اراکین ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ۔